ملاقات میں سینیٹ الیکشن، لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق تبادلہ خیال، فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کو بختاور کی شادی پر مبارکباد بھی پیش کی
کراچی ( تازہ ترین۔ 08 فروری 2021ء) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں سینیٹ الیکشن اور لانگ مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کو بختاور کی شادی پر مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں لانگ مارچ، سینیٹ الیکشن اور تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ سربراہ جے یوآئی ف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کو ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کی شادی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (ف) نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ صدارتی الیکشن کے خلاف درخواست ایڈووکیٹ جہانگیر جدون نے دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا نوٹس لے۔ درخواست میں کہا گیا کہ صدارتی آرڈیننس کو حکومت بدنیتی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے، آرڈیننس کو غیرمعقول اور خلاف آئین قرار دیا جائے، درخواست میں کہا گیا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سپریم کورٹ، پارلیمنٹ کی خودمختاری کو سبوتاژ کیا گیا۔ اسی طرح پیپلزپارٹی نے بھی سینیٹ انتخابات کیلئے پارلیمانی بورڈ قائم کرلیا ہے۔ پارلیمانی بورڈ کی سربراہی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ چھ رکنی بورڈ میں فریال تالپور،یوسف رضا گیلانی ،راجہ پرویز اشرف ،نیر بخاری اور فرحت اللہ بابر شامل ہونگے۔صوبائی صدور اور جنرل سیکریٹری بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہونگے۔
1 تبصرے
Marso Marso Sindh Taba kareso
جواب دیںحذف کریں